ملک کے مختلف حصوں میں ’’ڈیجیٹل امپاورمنٹ سیٹرز‘‘ کو مکمل طور پر فعال کردیاگیا

270

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ عالمی یوم خواندگی کے موقع پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں ’’ڈیجیٹل امپاورمنٹ سیٹرز‘‘ کو مکمل طور پر فعال کر دیاگیا ہے۔

انوشہ رحمن نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ان کے وژن کے مطابق آئی سی ٹی فار گرلز منصوبے کے تحت ان ڈیجٹیل سنٹرز کو فعال کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ہزاروں نوجوان لڑکیاں مائیکرو سافٹ کے ذریعے کمپیوٹنگ اور کوڈنگ کی عملی تربیت حاصل کر رہی ہیں جس سے انہیں بہتر روزگار کے حصول میں مدد ملے گی۔

مختلف پارلمنٹیرینز نے اپنے اپنے متعلقہ علاقوں/حلقوں میں ان ڈیجیٹل ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرز کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر مملکت برائے آئی ٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ اس منصوبے سے غریب اور نادار بچیوں کو نہ صرف جدید ڈیجیٹل تعلیم تک رسائی حاصل ہو سکے گی بلکہ اس مہارت کو بروئے کار لاکر انہیں بہتر روزگار بھی میسر ہو سکے گا اور اس کے اثرات پورے معاشرے کی ترقی کی صورت میں ظاہر ہوں گے اور یہ منصوبہ ملک کی مجموعی ترقی میں انتہائی مثبت کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمٰن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی کم مدت میں بہترین سہولیات سے مزین ان اسٹیٹ آف دی آرٹ ’’ڈیجیٹل ویمن امپاورمنٹ سنٹرز‘‘ کو فعال دیکھنا میری ترجیحات میں شامل تھا اور میں آج اللہ رب العزت کی بے حد شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے ہمت اور استطاعت بخشی کہ میں اپنے ملک کی بچیوں اور خواتین کی بہبود کیلئے اور انہیں جدید تکنیکی علوم سے بہرہ ور کرنے کیلئے اس اہم منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہچا سکوں۔ اور مجھے امید ہے کہ ان ڈیجیٹل ویمن امپاورمنٹ سنٹرز کی تربیت یافتہ بچیاں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ابھی اس منصوبے کے پہلے حصے کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے آئندہ آنے والے چند ماہ میں ہم پورے ملک میں اس طرح کے سینکڑوں مزید ڈیجیٹل سنٹرز قائم کرنے جا رہے ہیں کیونکہ ہم وزیراعظم محمد نواز شریف کے قیادت میں ان کے وژن کے مطابق ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کا عملی نمونہ سامنے لانا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیت المال کے ایم ڈی بیرسٹر عابد وحید شیخ نے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر مملکت برائے آئی ٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیت المال کے زیر اہتمام چلنے والے وومن سنٹرز میں ڈیجیٹل سہولیات اور تربیت کی فراہمی ایک انتہائی خوش آئند قدم ہے کیونکہ اس منصوبے کے ذریعے ہم غریب اور نادار بچیوں کو جدید تکنیکی مہارت سکھا کر انہیں اس قابل بنا سکتے ہیں کہ وہ ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر نہ صرف اپنے لیے بہتر روزگار حاصل کریں بلکہ اپنے اپنے خاندانوں کی بہتر کفالت کر سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان سنٹرز کو فعال رکھنے اور اس منصوبے کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں رکھا جائے گا اور منصوبے کے مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے ہر ممکنہ مدد فراہم کی جائے گی تاکہ یہ فلاحی منصوبہ کامیابیوں سے ہمکنار ہو سکے۔