اسٹیٹ بینک کی عوامی سہولت کےلیے بینکوں کو اہم ہدایت

180

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالاضحی کے موقع پرعوام کی سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کرلیے،بینکوں کوہفتہ کے روز بھی کھلا رکھنے کی ہدایت،مویشی منڈیوں کے قریب اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جائیں،سٹیٹ بینک کی بینکوں کو ہدایت
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالاضحی کے موقع پر کمرشل بینکوں اور مائیکروفنانس بینکوں کی تمام شاخوں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ انہیں 10 ستمبر 2016ء کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجکر 30منٹ تک عوام کو بینکاری خدمات کی فراہمی کے لیے کھلا رکھیں۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے عید الاضحی کی تعطیلات کے موقع پر بینکاری خدمات کی باسہولت فراہمی کے لیے جامع انتظامات کئے گئے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد عوام کو عید کی تعطیلات کے دوران مشکلات سے پاک بینکاری خدمات کی فراہمی ہے۔عوام کی ضروریات کا ادراک کرتے ہوئے عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران اے ٹی ایم سروس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں/ مائیکرو فنانس بینکوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کی سہولت کے لیے ضروری اقدامات کر لیں۔

اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں / مائیکرو فنانس بینکوں کو پہلے ہی ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ وہ ایک دوسرے کے اشتراک سے مویشی منڈیوں اور بازاروں جیسے کاروباری مقامات پر کیاسک، اے ٹی ایم اور موبائل اے ٹی ایم کی تنصیب کا خصوصی بندوبست کریں تاکہ خریداروں اور فروخت کنندگان کو سہولت مل سکے۔ یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ رقوم کی موجودگی کا جائزہ لینے کے لیے اے ٹی ایم کی مسلسل نگرانی کی جاتی رہے تاکہ جہاں رقم کی کمی ہو اسے بروقت پورا کیا جا سکے۔