یو ایس اوپن،نوواک جوکووچ سیمی فائنل میں پہنچ گئے

133

جو ولفریڈ ٹی سونگا زخمی ہونے کے سبب میچ سے دستبردار ہو گئے جس کی بدولت جوکووچ سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ گئے

عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں جبکہ ہندوستان کی ثانیہ مرزا اور ان کی پارٹنر بربورا اسٹریکووا شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔نیویارک میں جاری سال کے آخری گرینڈ سلیم اوپن ٹورنامنٹ میں جو ولفریڈ ٹی سونگا زخمی ہونے کے سبب میچ سے دستبردار ہو گئے جس کی بدولت جوکووچ سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ گئے۔عالمی نمبر ایک کھلاڑی نے اپنی سبقت برقرار رکھتے ہوئے پہلا سیٹ 6-3 سے اپنے نام کیا جبکہ دوسرے سیٹ میں بھی انہیں 5-2 کی برتری حاصل تھی جب سونگا کو ٹخنے میں درد کے سبب طبی امداد کی ضرورت محسوس ہوئی۔میچ دوبارہ شروع ہوا تو جوکووچ نے باآسانی سیٹ 6-2 سے جیت لیا لیکن اس کے بعد سونگا میچ جاری نہ رکھ سکے اور مقابلے سے دستبردار ہو گئے جس کی بدولت جوکووچ سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔

سیمی فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ فرانس کے ہی گائل مونفلس سے ہو گا جنہوں نے کوارٹر فائنل میں فتح کی بدولت آخری چار کھلاڑیوں میں جگہ بنائی۔مونفلز نے رافیل نڈال کو شکست دینے والے لوکاس پالے کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4، 6-3 اور 6-3 سے شکست دی۔

ادھر خواتین کے ڈبلز کے مقابلوں میں ہندوستان کی ثانیہ مرزا اور ان کی پارٹنر بربورا اسٹریکووا کوارٹر فائنل میں شکست کے سبب ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔دونوں کھلاڑیوں نے میچ کا عمدہ آغاز کرتے ہوئے 5-2 کی برتری حاصل کی لیکن حیران کن طور پر ٹائی بریکر پر یہ سیٹ گنوادیا۔دوسرے سیٹ میں ٹاپ سیڈ کیرولین گارشیا اور کرسٹینا ملاڈینووک نے عمدہ کھیل سے اپنی برتری ثابت کی اور مقابلہ 6-7 اور 6-1 سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔