پاکستانی نژاد عابد قریشی امریکی وفاقی جج مقرر

196

امریکی صدر براک اوباما نے پہلی بارپاکستانی نژاد امریکی مسلمان وکیل عابد ریاض قریشی کو وفاقی جج کے طور پر نامزد کردیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عابد قریشی کی نامزدگی ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج کے طور پر کی گئی ہے۔ سینیٹ کی جانب سے حتمی منظوری کے بعد عابد قریشی ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں وفاقی جج کے فرائض انجام دیں گے ۔اس سلسلے میں منگل کو جاری ہونے والے بیان میں امریکی صدر نے کہا ہے کہ مجھے یونائٹڈ سٹیٹس ڈسٹرکٹ کورٹ بینچ میں عابد قریشی کو نامزد کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ انصاف کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے دیانت داری سے امریکی عوام کی خدمت کریں گے۔

ہارورڈ لا سکول سے فارغ التحصیل ہونے والے عابد قریشی امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں قانونی فرم لیتھم اینڈ واٹکنز کے پارٹنرز میں سے ایک ہیں اور جعلی کلیمز، ہیلتھ کیئر فراڈ اور سکیورٹیز کے معاملات کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔

عابد قریشی پاکستانی نژاد امریکی شہری ہیں اور ان کی پیدائش بھی پاکستان میں ہی ہوئی تھی تاہم بعد میں وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ امریکا منتقل ہوگئے تھے جہاں انہوں نے اپنی اعلیٰ تعلیم مکمل کی ہے۔

واضح رہے کہ صدر اوباما کی جانب سے ایک مسلمان کی بطور جج نامزدگی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب امریکہ کے صدارتی انتخاب میں تارکینِ وطن کے ملک میں کردار کا معاملہ بھی زیرِ بحث ہے۔