جائیداد کی نئی سرکاری قیمتوں سے متعلق واضح ہدایات جاری نہ ہوسکیں

187

جائیداد کی نئی سرکاری قیمتوں سے متعلق واضح ہدایات جاری نہ ہوسکیں، ملک بھر میں پراپرٹی کا کاروبار ٹھپ ہوگیا ہے اور اربوں روپے کا سرمایہ پھنس گیا۔

تعمیراتی شعبے کی نمائندہ تنظیم آباد کے قائم مقام چیئرمین عارف یوسف جیوا کے مطابق حکومت کی جانب سے جائیداد کی ویلیو ایشن کے نوٹیفیکیشن پرعمل درآمد نہ ہونے سے قومی خزانے اور پراپرٹی بزنس سے وابستہ افراد کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے، جس کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

عارف جیوا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے واضح ہدایات جاری نہ ہونے سے جائیداد کی منتقلی اور سیل ڈیڈ کے امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں، جائیداد کی کاغذی کاروائیاں صرف بیس فیصد رہ گئی ہیں۔ملک بھرمیں مجاز افسران امور نمٹانے کے بجائے انہیں ملتوی کررہے ہیں۔عارف یوسف جیوا نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ جائیداد کی ویلیوایشن اور دیگر امور سے متعلق مسائل پر مجاز افسران کو واضح معلومات اور آگاہی کے لیے فوری اقدامات کرے۔