پاک ویسٹ انڈیزسیریز،پی سی بی کا تیاری کیلئے تربیتی کیمپ لگانے کا فیصلہ

195

پاکستان کر کٹ بورڈ (پی سی بی )نے یواے ای میں ٹی ٹوئنٹی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے سیریز کی تیاری کیلئے مختصرتربیتی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیاہے، عید کے بعد سیریز کیلئے منتخب 15 کھلاڑیوں کی کیمپ کے دوران فائن ٹیوننگ کی جائیگی۔

تفصیلات کے مطابق یواے ای میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا آغاز تئیس ستمبرسے تین میچوں پرمبنی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہوگا۔ کیریبیئن ٹیم ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی چیمپئن ہے، اورحال ہی میں فلوریڈا میں اس نے بھارت کے خلاف بیس بیس اوورز کرکٹ کا سب سے بڑا ٹوٹل دوسوپینتالیس رنز بنایا۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی فائنل میں انگلینڈ کے بین اسٹوکس کوآخری اوور میں مسلسل چارچھکے لگاکر ویسٹ انڈیز کو فاتح بنانے والے کارلوس براتھ ویٹ اب ویسٹ انڈیز کے ٹی ٹوئنٹی کپتان ہیں۔ چیمپئن ٹیم سے اہم سیریز کی تیاری کے لئے پی سی بی نے عید کے بعد مختصر تربیتی کیمپ کے انعقاد کا فیصلہ کیاہے۔چار روزہ کیمپ میں سیریز کے لئے منتخب کھلاڑیوں کے فائن ٹیوننگ بولنگ، بیٹنگ اورفیلڈنگ میں بہتری کی کوشش کی جائے گی۔

کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز مختصر طرز کی خطرناک ٹیم ہے۔ لیکن ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں۔ جو ان کے خلاف فتح سے ہمکنارکرسکتے ہیں۔