جرمن انجلیک کربر یو ایس اوپن کی نئی فاتح

195

جرمنی کی انجلیق کربر نے جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر یو ایس اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔فاتح کھلاڑی نے فیصلہ کن معرکے میں 6-3،4-6اور6-4سے فتح حاصل کر کے آسٹریلین اوپن کے بعد سال کا دوسرا گرینڈ سلم ٹائٹل جیت لیا۔فتح کے بعد انجلیک کربر نے سیرینا ولیمز سے عالمی رینکنگ میں بیالیس ماہ بعد پہلی پوزیشن بھی چھین لی۔

نیویارک میں کھیلے جا رہے سال کے آخری گرینڈ سلیم اوپن ٹورنامنٹ کے ویمنز فائنل میں جرمنی کی کربر اور جمہوریہ چیک کی پلسکووا کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔آرتھر ایس اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں کربر نے پہلے سیٹ میں پلسکووا کی شدید مزاحمت کے باوجود سیٹ 6-3 سے اپنے نام کر لیا۔دوسرے سیٹ میں جمہوریہ چیک کی کھلاڑی نے عمدہ انداز میں واپسی کرتے ہوئے جرمن حریف کو حاوی ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ کیا اور 6-4 سے سیٹ جیت کر مقابلہ ایک ایک سیٹ سے برابر کردیا۔پلسکووا نے تیسرے سیٹ میں عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سروس بریک کی اور 3-1 کی برتری حاصل کی اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ لگاتار 14واں میچ جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گی لیکن کربر کا تجربہ ان کے آڑے آ گیا۔ کربر نے میچ میں حیران کن انداز میں واپسی کرتے ہوئے پلسکووا کو چاروں شانے چت کردیا اور سیٹ 6-4 سے اپنے کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

واضح رہے وہ سابقہ جرمن اسٹار اسٹیفی گراف کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی جرمن خاتون کھلاڑی ہیں جہاں آخری مرتبہ اسٹیفی نے 1996 میں یہ ٹائٹل جیتا تھا۔اس ٹائٹل کے حصول کے ساتھ ہی کربر نے عالمی نمبر ایک پوزیشن تک رسائی یقینی بنا لی ہے جہاں وہ پیر کو عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائز ہو جائیں گی۔