داعش کمانڈرامریکی حملے میں ہلاک

266

امریکی وزارت دفاع  نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شام میں داعش کے گڑھ شہر الرقہ میں اتحادی افواج کے فضائی حملے میں داعش کے اطلاعات و نشریات کے شعبے کا انچارج وائل عادل حسن سلمان الفیاض عرف ڈاکٹر وائل ہلاک ہوگیا ہے۔

پینٹاگون کے ترجمان پیٹر کک نے داعش کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ عراق اور شام میں شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف برسرپیکار عالمی اتحاد کے جنگی جہازوں نے رواں برس 7 ستمبر کو ایک فضائی حملے کے ذریعے داعش کے وزیر اطلاعات کو ہلاک کردیا تھا۔ پیٹر کک نے بتایا کہ فیاض عرف ڈاکٹر وائل داعش کی شوریٰ کونسل کا رکن، قتل کی ویڈیوز بنانے کے شعبے کا انچارج اور گزشتہ ماہ فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے جنگی حکمت عملی کے ماہر ابو محمد العدنانی کا قریبی ساتھی بھی تھا۔پیٹر کک کا کہنا تھا کہ داعش کے سینئر کمانڈرز کی ہلاکت سے ان کے حملوں کی منصوبہ بندی، معیشت اور خطے پر قبضہ کرنے کی صلاحیتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

ترجمان پینٹاگون نے کہا کہ شام میں داعش کے گڑھ الرقہ میں فضائی حملہ بہت احتیاط اور باریک بینی کے ساتھ مانیٹرنگ کے بعد کیا گیا۔ اہم کمانڈروں کی ہلاکتوں کے بعد شدت پسند تنظیم کی علاقوں پر قبضے، منصوبہ بندی، مالیات اور علاقے کے اندر اور باہر حملے کرنے کی صلاحیت کمزور ہوجاتی ہے ہم شدت پسندوں کو شکست دینے کیلئے جنگ میں تیزی لانے کیلئے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔پیٹر کک کاکہنا تھا کہ ہم داعش کو شکست سے دوچار کرنے کے لیے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کارروائیاں جاری رکھیں گے۔