جنوبی سوڈان ،مہاجرین کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی 

267

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ خانہ جنگی کے شکار ملک جنوبی سوڈان سے گھر بار چھوڑ کر نکلنے والے مہاجرین کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ۔

اقوام متحدہ کے مطابق جنوبی سوڈان اب شام، افغانستان اور صومالیہ جیسے ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا جہاں سے ہجرت کرنے والے مہاجرین کی تعداد ایک ملین سے زائد ہے ٗاقوام متحدہ کی ریفیوجی ایجنسی کے مطابق یہ ایک انتہائی افسوسناک سنگ میل ہے۔

جنوبی سوڈانی دارالحکومت جوبا میں رواں برس جولائی سے اقتدار کی مسلح کشمکش کے نتیجے میں زور پکڑنے والی کارروائیوں کے ایک مرتبہ پھر زور پکڑنے کے بعد سے قریب ایک لاکھ پچاسی ہزار افراد ملک سے ہجرت کر چکے ہیں۔ ا ن مہاجرین کے علاوہ 16لاکھ افراد وہ ہیں جنہیں 2013ء  کے اواخر میں صدر سِلوا کیر اور سابق نائب صدر ریک مچار کے درمیان اقتدار پر کنٹرول کے پر تشدد تنازعے کے نتیجے میں اندرون ملک نقل مکانی کرنی پڑی تھی۔

یاد رہے کہ  دو ہزار تیرہ میں ان دونوں رہنماؤں کے درمیان شروع ہونے والی اقتدار کی جنگ ایک مسلح تنازعے میں تبدیل ہو گئی تھی۔ تب سے اس لڑائی میں ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں اور لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔