اظہرعلی کو قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

207

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیف آپریٹنگ افسر سبحان احمد نے کہا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کسی بھی کھلاڑی کو کپتان بناسکتی ہے تاہم اظہرعلی ہی ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پاک ویسٹ انڈیز کرکٹ سیریز کے لوگو کی تقریب رونمائی سے خطاب کر تے ہوئے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا ہے کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کو ہر فارمیٹ میں کپتان کے انتخاب کا حق ہے تاہم ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی ہی رہیں گے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والی آئندہ سیریز میں اظہرعلی ہی ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کسی بھی کھلاڑی کو شامل کرنے یا نا کرنے کا فیصلہ بھی سلیکشن کمیٹی ہی کرتی ہے، اس حوالے سے ان کے پاس منظوری کے لئے کوئی نام نہیں آتا۔اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ سلمان بٹ کے حوالے سے سبحان احمد کا کہنا تھا کہ سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کرنے میں کوئی حرج نہیں تاہم ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی ہی کرے گی۔

شاہد آفریدی اور سعید اجمل کے الوداعی میچ کے حوالے سے سبحان احمد نے کہا کہ شاہد آفریدی اور سعید اجمل کے الوداعی میچ پر 26 ستمبر کو اجلاس ہوگا تاہم شاہد آفریدی کی مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ انگلینڈ میں ہونے والی حالیہ سیریز میں 4 ایک سے بدترین شکست کے بعد اظہرعلی کو شدید تنقید کا سامنا تھا جبکہ ان سے ٹیم کی قیادت لئے جانے کی خبریں بھی زیر گردش تھیں۔

قبل ازیں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ سیریز کے تینوں فارمیٹس کے لوگو کی رونمائی کر دی گئی ۔ گرین شرٹس کی ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹونٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز کے لوگو کی رونمائی کر دی گئی ۔ دونوں ٹیمیں متحدہ عرب امارات میں تین ٹی 20 ، تین ون ڈے اور تین ہی ٹیسٹ میچ کھیلیں گی ۔ سیریزکا آغاز مختصر فارمیٹ کے میچ سے ہوگا جو کہ 23 ستمبر کو کھیلا جائیگا ۔