نواز شریف کا سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کو خط

167

وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ممالک کی قیادت کو خط لکھا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دفترخارجہ کے مطابق خط وزیراعظم کی جانب سے چین، فرانس، روس، برطانیہ اور امریکا کے سربراہان، حکومت اور مملکت کو لکھا گیا ہے۔ خط میں ان سے کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی خون ریزی بند کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے اور کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرایا جائے۔خط میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا خطے اور عالمی امن پرمنفی اثر پڑے گا۔لہذا سلامتی کونسل کے متعلق ارکان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ذمہ داری پوری کریں۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا تصفیہ طلب مسئلہ ہے 68 سال گزرنے کے باوجود کشمیری قراردادوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں قراردادوں میں کشمیریوں کو استصواب رائے کے ذریعے حق خود ارادیت دیا گیا مسئلے کا حل نہ ہونا خطے میں عدم استحکام اور تناؤ کی مستقل وجہ ہے۔

مسئلہ کشمیر عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنایا جائے،کشمیر میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف استصواب رائے کروایا جائے، پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کے حل کے لیے پرعزم ہے۔