امریکہ دو طرفہ مسائل حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے،وزیر اعظم

264

نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں 107 سے زائد افراد شہید اور ہزاروں کشمیری زخمی ہوئے ہیں، توقع ہے کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنا اثر ورسوخ استعمال کرے گا۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف سے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پیر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی‘ سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے گزشتہ تین سال کے دوران امریکی صدر کے ساتھ اپنی تعمیری ملاقاتوں کا ذکر کیا اور زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات‘ باہمی خواہش پر محیط رہے ہیں اور یہ شراکت داری علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اہم ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے جان کیری کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔

 امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے میں پاکستان کی مسلح افواج‘ سیکورٹی اداروں اور پولیس کی کوششوں کوسراہا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان امن و سلامتی کے حوالے سے باہمی مفادات رکھتے ہیں۔ جان کیری نے موجودہ حکومت کی اقتصادی بحالی اور آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل کی تعریف کی۔ انہوں نے بجلی کے مختلف منصوبوں کی تکمیل کے ذریعے سسٹم میں ہزاروں میگا واٹ بجلی شامل کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور تعلیم کیلئے کوششیں مثبت ہیں۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے ملک میں افراط زر میں کمی اور معیشت کے شعبے میں ترقی ہوئی ہے جس سے جی ڈی پی کی شرح نمو 4.7فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اخلاقی ذمہ داری کے طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے‘ میں ہمیشہ علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا خواہاں رہا ہوں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں107 سے زائد افراد شہید اور ہزاروں کشمیری زخمی ہوئے ہیں‘ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی سطح پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اب بھی امریکی صدر بل کلنٹن کا وعدہ یاد ہے کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے دو طرفہ تنازعات اور مسائل کے حل میں معاونت کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ میں توقع رکھتا ہوں کہ امریکہ کی موجودہ انتظامیہ اور وزیر خارجہ جان کیری پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنا اثر ورسوخ استعمال کریں گے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر کے دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا ہے اور اب وہ بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر ملک بھر میں بھرپور انداز میں عمل درآمد کیا جارہا ہے‘ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی عزم غیر متزلزل ہے۔ افغانستان کی صورتحال کا ذکرکرتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے چہار فریقی رابطہ گروپ(کیو سی جی) کے تحت کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا جس کے پاکستان اور امریکہ ارکان ہیں ۔وزیراعظم نے افغانستان کے ساتھ بامعنی رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔