وزیراعظم نواز شریف کی نیوزی لینڈ کے وزیراعظم جان کی سےملاقات

217

وزیراعظم محمد نواز شریف سے نیوزی لینڈ کے وزیراعظم جان کی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ ‘علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

پیر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس کی سائیڈ لائن پروزیراعظم محمد نوازشریف نے نیوزی لینڈ کے اپنے ہم منصب جان کی کے ساتھ ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال اور ان میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کی۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک میں سکیورٹی کی بہتر صورتحال ، موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے بے پناہ مواقعوں کے تناظر میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے مواقعے کو اجاگر کیا۔

 وزیراعظم نے با لخصوص زراعت ‘ڈیری اور لائیو سٹاک کے میدان میں سرمایہ کاری کے مواقعے کو اجاگر کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیری فارمنگ اور حلال گوشت کی برآمد کے شعبے میں نیوزی لینڈ کی مہارت سے استفادہ حاصل کرسکتا ہے ۔وزیراعظم نے پاکستانی طالب علموں کو اعلیٰ تعلیم کے میدان میں وظائف کی فراہمی پر نیوزی لینڈ کی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کو پیش کیے جانے والے وظائف کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جاتا رہے گا ۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں نیوزی لینڈ کے ریذیڈنٹ ڈپلومیٹک مشن کو جلد کھولنے کے امکان پر بھی بات چیت کی تا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے ۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے نیوکلیئر سپلائر گروپ میں نئے ارکان کی شمولیت کے بارے میں نیوزی لینڈ کے اصولی موقف کو سراہا ۔انہوں نے جوہری عدم پھیلاؤ اور جوہری تحفظ و سلامتی میں پاکستان کی ساکھ کو اجاگر کیا جو اسے نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت کے حوالے سے مثالی امیدوار بناتی ہے۔ دونوں راہنماؤں نے کثیر الجہتی فورموں پر ایک دوسرے کے امیدواروں کی حمایت کرنے کے امکانات پر بھی بات چیت کی ۔