سعید اجمل نے الوداعی میچ کی پیشکش مسترد کردی

235

مایہ ناز آف اسپنر سعید اجمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے الوداعی میچ کھیل کر یادگار انداز میں کرکٹ سے کنارہ کشی کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ میرا اس وقت ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں، میں نے واپسی کیلئے بہت محنت کی ہے اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں کارکردگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنی فٹنس ثابت کردی لہٰذا مجھے موقع ملنا چاہیے۔ اگر میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا تو خود چھوڑ کر چلا جاؤں گا۔

35 ٹیسٹ اور 113 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے سعید اجمل نے کہا کہ پورے ڈومیسٹک اسٹرکچر میں بورڈ کے پاس ایک بھی اچھا آف اسپنر نہیں ہے۔دوسرا پر مہارت کی بدولت حریف بلے بازوں کو چکما دینے والے پاکستانی آف اسپنر نے کہا کہ سلیکٹرز نے انہیں فٹنس پر کام کرتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی دکھانے کا کہا تھا، اب میں نے اپنی فارم اور فٹنس ثابت کردی ہے لہٰذا میں چھوڑ کر نہیں جا رہا اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے ٹیم کو کئی فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کیا لہٰذا بورڈ کو مجھے ایک موقع ضرور دینا چاہیے جس طرح ویسٹ انڈیز سنیل نارائن کو دے رہا ہے۔