خلیجی ممالک کا بجٹ خسارہ 153 ارب ڈالرپر پہنچ جائے گا

168

تیل برآمد کرنے والے خلیج تعاون کونسل کے رکن 6 خلیجی ممالک کا مجموعی بجٹ خسارہ اس سال اپنی انتہا 153بلین ڈالر پر پہنچ جائے گا۔

کویت کی انویسٹمنٹ فرم کامکو کے مطابق رواں سال خلیج تعاون کونسل کے رکن 6 خلیجی ممالک کا مجموعی بجٹ خسارہ 153بلین ڈالر پر آجانے کا امکان ہے جو گزشتہ سال 119بلین ڈالر پر تھا۔فرم کے مطالعے کے مطابق صرف سعودی عرب کو اس سال مجموعی کے تقریباً نصف 84 بلین ڈالر بجٹ خسارے کا سامنا ہو گا جو گذشتہ سال ریکارڈ98 بلین ڈالر پر تھا۔

ایک رپورٹ کے مطابق حالات ساز گار رہے تو خلیجی ممالک کا بجٹ خسارہ آئندہ سال سے کم ہونا شروع ہو جائے گا لیکن سال2021تک ان ممالک کو 100 بلین ڈالر کے بجٹ خسارے کو بھگتنا پڑے گا۔

خلیج تعاون کونسل(جی سی سی)جس کے رکن ممالک میں سعودی عرب،کویت،اومان،قطر،بحرین اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں کی سالانہ آمدنی دو سال میں نصف ہو چکی ہے۔2013 میں جی سی سی کی آمدنی اپنی انتہا 735 بلین ڈالر پر تھی جو تیل کے نرخ گرنے کی وجہ سے 2015 میں 443 بلین ڈالر پر آ گئی اور رواں سال یہ آمدنی مزید کم ہو کر 365 ڈالر پر آ جائے گی۔2014 میں جی سی سی ممالک نے اپنے عوامی اخراجات کی مد میں خرچوں کو 615 بلین ڈالر اور گزشتہ سال 563 بلین ڈالر کم کیا اور اس سال یہ 519 بلین ڈالر تک کم کئے جانے کا امکان ہے۔