امریکا میں پوکے مون گو کھیلنے سے ایک لاکھ سے زائد حادثات

213

ماہرین نے امریکی صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ گاڑی چلاتے وقت پوکے مون گو گیم نہ کھیلیں کیونکہ اس سے صرف 7 دنوں میں امریکا بھر میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد حادثات ہوچکے ہیں جن میں سے بعض جان لیوا بھی ہیں۔

سان ڈیاگو یونیورسٹی کے پروفیسر نے تحقیق کی ہے جن کے مطابق پوکے مون گو کے خوفناک اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ اس گیم میں مخصوص مقامات پر فرضی مخلوقات اور کردار تلاش کرنے ہوتے ہیں۔ جی پی ایس کی مدد سے ان مقامات پر پوکے مون کردار تلاش کیے جاتے ہیں اور اس سے بچوں اور بڑوں کو گھر سے نکلنے ، ورزش اور چلنے کی تحریک ملتی ہے مگر مسلسل آگمینٹڈریئلٹی کے ماحول سے جڑے رہنے کے دوران لوگ اطراف کے خطرات کو نظر انداز کرکے آگے بڑھتے ہیں اور جان لیوا حادثات کے شکار بھی ہورہے ہیں۔

جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق یہ گیم غیر محفوظ ہے اور پیدل چلنے والے اور ڈرائیوروں دونوں کے لیے خطرناک ہے۔ حکام کے مطابق پورے امریکا میں اس گیم سے ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد حادثات ہوئے ہیں۔ ایک شخص کی کار درخت سے ٹکرائی اور گاڑیوں کے مزید 14 حادثات ہوئے ہیں۔ ان کی تفصیلات ٹویٹر اور سوشل میڈیا سے حاصل کی گئی ہیں۔ ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ میری آنٹی پوکے مون کھیلتے ہوئے کار چلارہی تھیں جن کا ایکسیڈنٹ ہوگیا جب کہ ایک اور ٹویٹ میں بھی کار ایکسیڈنٹ کا ذکر کیا گیا ہے۔