امدادی قافلے پر حملے کا ذمہ دار روس ہے، امریکہ

197

امریکہ نے شام میں اقوامِ متحدہ کے امدادی قافلے پر حملے کی ذمہ داری روس پر عائد کردی ۔تاہم روس نے امریکی حکام کے الزامات مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ امدادی قافلے کو روس نے نشانہ نہیں بنایا۔دوسری جانب نیویارک میں موجود سفیر ایک ہفتے تک چلنے والے جنگ بندی کے معاہدے کو بچانے کے لیے کوشاں ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں امریکی حکام کا کہنا تھا کہ خیال ہے گزشتہ روز حلب میں اقوام متحدہ کے امدادی قافلے کو دو روسی جنگی طیاروں نے نشانہ بنایا تھا۔تاہم روس نے امریکی حکام کے الزامات مستردکر دیے، روسی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا امدادی قافلے کو روس نے نشانہ نہیں بنایا۔گزشتہ روز شام کے شہر حلب میں فضائی حملہ کیا گیا تھا جس میں جنگ زدہ علاقوں میں امداد سامان لے کرجانے والے 18 ٹرک تباہ اور20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس حملے کو بہت المناک انسانی حادثہ قرار دیا ہے۔دوسری جانب نیویارک میں موجود سفیر ایک ہفتے تک چلنے والے جنگ بندی کے معاہدے کو بچانے کے لیے کوشاں ہیں۔امریکی سیکریٹری خارجہ جان کیری نے روسی ہم منصب سرگئی لاؤورف سے بات چیت میں اصرار کیا کہ معاہدہ ’بیجان نہیں‘ ہوا۔آئندہ ملاقات جمعے کو ہوگی۔