کیلیفورنیا، جاسوس طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک 

210

امریکی فضائی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کیلیفورنیا میں یو2 جاسوس طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بیلے ایئر فورس کے فضائی اڈے سے تعلق رکھنے والے یہ پائلٹ ایک تربیتی مشن پر تھے کہ پرواز کے فوری بعد طیارے کو حادثہ پیش آیا۔ یہ واقعہ سیکری منٹو سے تقریباً 97 کلومیٹر شمال میں واقع سوتر بوتے کی پہاڑیوں پر پیش آیا۔فضائی افواج نے پائلٹ کی شناخت ظاہر نہیں کی، اور نہ ہی زخمی کی حالت کے بارے میں کوئی اطلاع دی ہے۔

واضح رہے کہ یو 2 طیارہ جاسوسی اور نگرانی کے لیے استعمال ہوتا ہے، جو انتہائی اونچی پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ انٹیلی جنس تجزیہ کاروں اور میدانِ جنگ میں موجود کمانڈروں کے لیے تصاویر اور الیکٹرانک سگنل اکٹھے کرتا ہے۔