بنگلہ دیشی باؤلرز تسکین احمد اور عرافات سنی کے باؤلنگ ایکشن قانونی قرار

233

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیشی باؤلرز تسکین احمد اور عرافات سنی کے نئے باؤلنگ ایکشنز کو قانونی قرار دے دیا، دونوں باؤلرز فوری طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ کرا سکیں گے۔ تسکین احمد اور عرافات سنی نے 8 ستمبر کو نیشنل کرکٹ سینٹر برسبین میں نئے ایکشن کے ساتھ ٹیسٹ دیئے تھے اور دونوں باؤلرز کی تمام ڈلیوریز آئی سی سی ریگولیشنز کے مطابق درست قرار پائی ہیں۔

آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق تسکین اور عرافات ایکشن کی درستگی کے بعد فوری طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ کرانے کے اہل ہو گئے ہیں تاہم مستقبل میں ایمپائرز دونوں باؤلرز کے مشکوک ایکشن پر رپورٹ کرنے کیلئے آزاد ہوں گے۔ رواں برس بھارت میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں تسکین اور سنی کے باؤلنگ ایکشن کو رپورٹ کیا گیا تھا، چنائی میں دونوں باؤلرز نے ٹیسٹ دیئے تھے جس میں دونوں کے ایکشنز غیرقانونی قرار پائے تھے۔