دنیا میں پاکستان کو تنہا کردیں گے،نریندر مودی

320

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کو دہشتگردی برآمد کرنے والا ملک قرار دیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اڑی حملے پر بھرپور جواب دیں گے اور دنیا میں آپ کو تنہا کردیں گے ،ہم کبھی بھی آپ کو معاف نہیں کریں گے ،خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار پاکستان ہے، پڑوسی ملک کے دہشتگردوں نے 18 بار حملے کی کوشش کی،ہم لڑائی کرنے کو تیار ہیں ہمت ہے تو آؤ ہم غربت اور جہالت کے خلاف جنگ کریں ۔

اڑی حملے کے بعد پہلی بار ریاست کیرالہ میں بی جے پی کی نیشنل کونسل کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔انکا کہنا تھا کہ یہ ایشیا کی ترقی کی صدی ہے اور تمام ممالک اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں لیکن ایشیا کا ایک ملک دہشتگردی پھیلا رہا ہے اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے، خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار بھی پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کے دہشتگردوں نے 18 بار حملے کی کوشش کی، اڑی حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے اور بھرپور جواب دیں گے۔مودی کا مزید کہنا تھا یہ ملک دوسرے ملکوں میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے اور خوف کی علامت بن چکا ہے خواہ وہ بنگلہ دیش ہو یا افغانستان۔ دنیا میں جہاں بھی دہشتگردی ہوتی ہے اسی ملک کا نام سامنے آتا ہے۔اسامہ بن لادن جیسے لوگ اس ملک کو اپنے لیے محفوظ جنت سمجھتے ہیں ، یہ ملک اہنسا پھیلا رہا ہے۔

نریندر مودی نے کہاکہ ہم پوری دنیا میں آپ کو تنہا کردیں گے ،ہم لڑائی کرنے کو تیار ہیں ہمت ہے تو آؤ ہم غربت اور جہالت کے خلاف جنگ کریں ۔نریندر مودی نے کہاکہ یہ ستم ظریفی ہے کہ بھارت سافٹ وئیر ایکسپورٹ کررہا ہے اور پاکستان دہشتگردی ایکسپورٹ کررہا ہے ۔