اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

261

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس‘ یوریا کھاد کے موجودہ سٹاک کی قیمتوں میں کمی کی سمری کا جائزہ لیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس پیر کی شام یہاں وزیراعظم ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ کے پاس درآمد کی گئی یوریا کھاد کے موجودہ سٹاک کی قیمتوں میں کمی کی سمری کا جائزہ لیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی۔ اس سے پہلے کمیٹی نے درآمد شدہ یوریا کی فی بوری قیمت 1310 روپے مقرر کی تھی۔

ای سی سی نے اس حوالہ سے سیکرٹری صنعت و پیداوار کی سربراہی میں درآمد کی گئی یوریا کی فروخت میں اضافہ کے اقدامات کی تجاویز کی تیاری کیلئے کمیٹی قائم کی تھی۔ اجلاس میں کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی اور کھاد کی فروخت میں اضافہ کیلئے اقدامات کی تجاویز اور قیمتوں میں کمی کی تجویز پیش کی۔

ای سی سی نے تفصیلی غور کے بعد یوریا کھاد کی قیمت 1200 روپے فی بوری کرنے کا فیصلہ کیا۔ ای سی سی نے وزارت خزانہ کی سکوک 2016ءکے اجراءکی تجویز کی بھی منظوری دی۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کے مطابق پاکستان کی ریٹنگ بہتر ہوئی ہے اور سکوک کے موجودہ اجراءسے بہتر نتائج کے حصول کی توقع ہے۔ فنانس ڈویژن نے سکوک کی فروخت کیلئے بعض ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی معافی کی بھی درخواست کی جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کی خواہش ہے۔ ای سی سی نے اس کی بھی منظوری دےدی۔