تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ،عماد وسیم ٹاپ 5باؤلر زمیں شامل

218

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق پاکستان کے عماد وسیم33درجے ترقی پا کر37ویں نمبر سے ایک دم چوتھے نمبر پر آگئے ہیں،بیٹسمینوں کی رینکنگ میں ابتدائی 20بلے بازوں میں کوئی پاکستانی موجود نہیں ہے۔ پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کرنے کے باوجود ساتویں نمبر پر موجود اور شکست خوردہ کالی آندھی کا بھی چوتھا نمبر برقرار ہے۔

بدھ کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ میں نیوزی لینڈ پہلے نمبر پر برقرار ہے، بھارت دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے، ویسٹ انڈیز چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، انگلینڈ چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر موجود ہیں، بلے بازوں میں ویرات کوہلی سرفہرست ہیں، فنچ دوسرے، میکسویل تیسرے، گپٹل چوتھے، ڈوپلیسی پانچویں، ولیمسن چھٹے نمبر پر ہیں، عمر اکمل 22ویں پوزیشن پر ہیں، شعیب ملک 10 درجے بہتری پا کر 35 ویں نمبر پر آ گئے، بابراعظم 201 درجے چھلانگ لگا کر 66 ویں جبکہ خالدلطیف 94 ویں نمبر پر آ گئے۔

 باؤلرز میں عمران طاہر نے سیموئل بدری کو پہلی پوزیشن سے محروم کر دیا، بھارت کے جسپریت بمرا دوسرے نمبر پر آ گئے جبکہ بدری تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے۔ سہیل تنویر 19 درجے ترقی پا کر 36 ویں نمبر پر آ گئے۔ گلین میکسویل دنیا کے نمبر ایک آل راؤنڈر ہیں۔