پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

211

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میچ میں 111 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیزٹیم 175 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کے اوپننگ بلے باز جانسن چارلس اور بریتھ ویٹ نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 27 رنز کی شراکت قائم کی تو چارلس 20 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بن گئے جس کے بعدکریگ بریتھ ویٹ بھی 14 رنز ہی بنا سکیں جنہیں حسن علی نے آؤٹ کیا۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیرن براوو تھے جو 12 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ مہمان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے گرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 175 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے مارلن سیموئلزنے  سب سے زیادہ 46 رنز بنا ئے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں دنیش رامدین 8، کیون پولارڈ 9، کپتان جیسن ہولڈر ایک، کارلوس بریتھ ویٹ14، سنیل نارائن 23 اور شینن گیبریل 2 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4، حسن علی 3، عماد وسیم، محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ پاکستان کی طرف سے اننگز کا اظہر علی اور شرجیل خان نے کیا ۔تاہم اننگز کی پہلی ہی گیند پر پاکستان کےکپتان اظہر علی شینن گیبریل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔دوسری وکٹ کیلئے شرجیل خان اور بابر اعظم کے درمیان 82 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران شرجیل خان 54 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ شعیب ملک صرف 6 رنز ہی بنا سکے۔ سرفراز احمد 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔محمد رضوان صرف 11 رنز ہی بناسکے،بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور 120 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔شارجہ اسٹیڈیم میں لائٹ کا ایک ٹاور خراب ہونے کی وجہ سے میچ روک دیا گیا،لائٹ کے مسائل کے سبب میچ ایک گھنٹے سے زائد رکا رہا جس کے بعد میچ کو 49 اوورز فی اننگ تک محدوو کر دیا گیا۔عماد وسیم اور محمد نواز نے میچ کے شروع ہونے کے بعد بیٹنگ جاری رکھی تاہم عماد وسیم 24 رنز بنانے کے بعدآؤٹ ہوئے ،جس کے بعد وہاب ریاض بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی نوویں وکٹ محمد نوازکی شکل میں گری جو 19 رنز بنا کر بریتھویٹ کا شکار بنے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس بریتھ ویٹ نے 3 جبکہ نارائن ،بین ،ہولڈراور گیبریل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔