فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کا ڈیو یلپمنٹ فنڈ روک دیا

193

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کا ڈیولپمنٹ فنڈ روک دیا۔ گورننگ باڈی کے ترجمان کے مطابق مہلت دینے کے باوجود پاکستان میں فٹبال کے معاملات درست طورپر نہیں چلائے جارہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کئی سال سے جاری فٹبال کا بحران سنگین ہوگیا۔ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پی ایف ایف کے ڈیولپمنٹ فنڈز روک دیئے۔ پی ایف ایف میں گذشتہ کئی سال سے دوگروپس بنے ہوئے ہیں۔گذشتہ سال جون میں پنجاب فٹبال فیڈریشن کے متنازعہ انتخابات کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے فیصل صالح حیات کو پی ایف ایف کی صدارت سے برطرف کرکے جسٹس ریٹائرد اسد منیر کوایڈمنسٹریٹر مقررکیاتھا اورانہیں نئے الیکشن کرانے کاحکم دیاتھا۔

فیفا نے فیصل صالح حیات گروپ کو قانونی باڈی تسلیم کرکے دوسال میں معاملات درست کرنے کو کہاتھا۔ مہلت کے باوجود پی ایف ایف کے معاملات درست نہ ہوسکے۔دونوں گروپس کی باہمی چپقلش کی وجہ سے پاکستان ایس اے ایف ایف کپ اور ایشین سالیڈیریٹی کپ میں شرکت نہ کرسکا۔

 فیفا کے ترجمان کے مطابق فیفا کے ممبرزکمیٹی پی ایف ایف امور پرمستقل نظر رکھے ہوئے ہے۔ مہلت کے باوجود اس کے معاملات درست نہیں چلائے جارہے،موجودہ صورتحال میں گورننگ باڈی نے پاکستان کے ڈیولپمنٹ فنڈز روک لئے ہیں۔