سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹا دعویٰ، مودی سرکار کیلئےدرد سر بن گیا

284

  مودی سرکار کے لیے سرجیکل اسٹرائیک کے جھوٹے دعوی درد سربن گیا ،بھارت کے اندر سے ہی سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت مانگنے کی آوازیں بلند ہو گئیں ۔

بھارتی میڈ یا کے مطابق نئی دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت مانگنے کے بعد سابق وزیر داخلہ اور کانگریس رہنما پی چدم برم نے بھی مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار سرجیکل اسٹرائیک پر غیر ضروری واویلا کر رہی ہے ،حکومت سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت فراہم کرے ۔انہوں نے کہاکہ سرجیکل اسٹرائیکس کو بڑھا چڑھا پر پیش کیا جا رہا ہے ۔پی چدم برم نے مزید کہاکہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات جاری رہنے چاہیے ۔

سابق بھارتی وزیر داخلہ کے بیان پر بی جے پی آگ بگولہ ہو گئی ،بی جے پی کے رہنما اور بھارتی وزیر روی شنکر نے کہا کہ کجریوال اور چدم برم کو سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت کیوں چاہئیں ،کیا انہیں اپنی بھارتی فورسز کی قابلیت پر شک ہے ۔انہوں نے کہا کہ سوال اٹھانے والے بھارتی فوج کی بے عزتی کر رہے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں مودی سرکار کی انتہا پسند پالیسیوں کے نتیجے میں سیاسی اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں ۔