پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان برقرار

226

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 129.49 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 41253.46 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 38 ارب 6 کروڑ 94 لاکھ 1 ہزار 529 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ تجارتی حجم میں بھی 68 کروڑ 22 لاکھ 62 ہزار 196 روپے کی تیزی رہی، اسی طرح خرید و فروخت میں 9 کروڑ 79 لاکھ 21 ہزار 70 حصص کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو بھی پی ایس ایکس میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 41200 پوائنٹس کی بالائی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 129.49 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 41253.46 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ گذشتہ کاروباری روز منگل کو کے ایس ای 100 انڈیکس 137.66 پوائنٹس کے اضافے سے 41123.97 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ تاہم بدھ کو کے ایس ای 30 انڈیکس 10.78 پوائنٹس کی کمی سے 22758.16 پوائنٹس پر بند ہوا۔

 دریں اثناء کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 134.96 پوائنٹس کا اضافہ رونماء ہوا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 65.26 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 1.86 پوائنٹس کے اضافے سے 17822.72 پوائنٹس پر بند ہوا تاہم آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 139.51 پوائنٹس کی مندی سے 15791.16 پوائنٹس پر بند ہوا۔ پی ایس ایکس – کے ایم آئی انڈیکس 79.56 پوائنٹس کے اضافے سے 19541.72 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 453 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 282 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 153 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں مندی اور 18 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔