مقبوضہ کشمیر میں استصواب رائے نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے،ملیحہ لودھی

212
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر وہاں کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے، مقبوضہ کشمیر بھارت کا کبھی حصہ رہا ہے نہ اس کا اٹوٹ انگ ہوسکتا ہے ،کشمیر میں استصواب رائے نہ ہونا اقوام متحدہ کی مسلسل ناکامی ہے۔

ملیحہ لودھی نے اسپیشل پولیٹیکل ڈی کالونائزیشن کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں استصواب رائے نہ ہونا اقوام متحدہ کی مسلسل ناکامی ہے، مقبوضہ جموں کشمیر بھارت کا حصہ کبھی نہیں رہا اورمقبوضہ جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہو سکتا ہے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کا وعدہ سلامتی کونسل نے کیا اس لیے مقبوضہ کشمیر کاتنازع سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت حل ہونا ہے اوراقوام متحدہ کشمیر سے متعلق جامع قراردادوں پر توجہ دے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہ ملنے سے علاقے میں کشیدگی پھیل رہی ہے، بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کو ماننے سے مسلسل انکار کررہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی اور خطے میں شدید تناؤ ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اور اقوام متحدہ کی رائے شماری سے حل ہونا چاہئے جس کے لئے عالمی برادری کا بھارت پر دباؤ اور کردار نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کشیدگی کو مزید ہوا دینے کی بجائے مسائل کے حل پر توجہ دے تاکہ خطے میں قیام امن کیلئے جاری پاکستانی کوششوں کو نقصان نہ پہنچے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں اور دنیا میں قیام امن کیلئے عالمی برادری کا ساتھ دے رہا ہے مگر بھارت ان کوششوں کو نقصان پہنچانے کے لئے سرحدوں پر کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔