سعودی اتحاد نے یمن میں حملے کا الزام مسترد کردیا

195

سعودی اتحاد نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک جنازے پر فضائی حملے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے تحقیقات کرنے کا اعلان کردیا جبکہ 140 سے زائد ہلاکتوں کے بعد امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ سعودی اتحاد کو دی جانے والی معاونت کا جائزہ لے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی اتحاد نے اپنے تحریری بیان میں کہا ہے کہ وہ امریکی ماہرین کے ساتھ مل کرفوری طور پر اس واقعے کی تحقیقات کرے گا۔اس سے قبل سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے اس الزام کو مسترد کر دیا تھا کہ یمن میں حوثی وزیرِ داخلہ گلال الرویشان کے والد کی نماز جنازہ پر فضائی حملہ اس نے کیا ہے۔

سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ اتحاد فوری طور پر اس واقعے کی امریکی ماہرین کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کرے گا جس نے سابقہ تحقیقات میں حصہ لیا تھا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اتحاد نے اپنے دستوں کو یہ واضح احکامات دے رکھے ہیں کہ وہ گنجان آباد علاقوں اور شہریوں پر حملوں کو نشانہ نہ بنائے۔یمن میں اقوامِ متحدہ کے سینئر اہلکار جیمی میکگولرک نے اس حملے کی مذمت کی ہے اور اسے ہولناک قرار دیا ہے۔باغی حکام نے نے اس حملے کی ذمہ داری سعودی عرب پر عائد کی ہے جو اتحادی فوج کی کی مدد سے ایک سال سے زاید عرصے سے شیعہ حوثی باغیوں کے خلاف جنگ کر رہا ہے تاہم سعودی اتحاد کی جانب سے اس حملے کے الزام کو مسترد کر دیا گیا ہے۔

ادھر امریکہ کا کہنا ہے کہ امریکہ کا سعودی عرب سے سکیورٹی تعاون بلینک چٹ نہیں ہے۔وائٹ ہاؤ س کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ہم اپنی مدد کو امریکی اصولوں، اقدار اور فائدے سمیت یمن میں ہولناک جنگ کے خاتمے کے حصول کے لیے مواقف بنانے کے لیے تیار ہیں۔سعودی عرب کی جانب سے حوثی باغیوں کے خلاف اتحاد میں یمنی حکومت بھی شامل ہے۔یمن سے متعلق اقوامِ متحدہ کی پالیسی کو بھی انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

دو ماہ قبل یمن میں بین الاقوامی امدادی اداروں کیلیے کام کرنے والوں کارکنوں نے اقوام متحدہ کی طرف سے بچوں اور عورتوں پر ظلم کرنے والوں کی فہرست میں سے یمن پر حملہ آور سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کا نام خارج کیے جانے پر شدید رنج اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے یمن کے لوگوں کے ساتھ صریحا زیادتی قرار دیا تھا۔یمن میں حوثی باغیوں کی حکومت کا کہنا ہے کہ اتحادیوں کے فضائی حملے میں کم از کم 500 افراد زخمی ہوئے ہیں۔حوثی باغی یمنی حکومت کے خلاف برسرِ پیکار ہیں اور یمنی حکومت کی مدد سعودی عرب کی سربراہی میں اتحادی فوج کر رہی ہے۔

انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ اس نے 300 کفن تیار کر لیے ہیں۔جنازے کی رسومات ایک ہال میں ادا کی جا رہی تھیں جب یہ فضائی حملہ کیا گیا۔ اس ہال کے اندر اور باہر انسانی اعضا بکھرے پڑے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس فضائی حملے میں حوثی باغیوں کے متعدد فوجی اور سکیورٹی افسران ہلاک ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ صدر عبدالرب منصور کی حکومت حوثی باغیوں اور صالح کی حمایتی فوج کے ساتھ لڑ رہی ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق مارچ میں سعودی عرب کی اتحادی فوج کی جانب سے فضائی کارروائیوں میں ہزاروں شہری ہلاک ہوئے ہیں۔