کسی بھی مس ایڈونچر یا غیر ذمہ دارانہ کارروائی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، کورکمانڈرز کا نفرنس

13

 کورکمانڈر زکانفرنس نے بھارت کی جانب سے سرجیکل سٹرائیکس کے جھوٹے اور جھانسے والے دعوں کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری عوام پر کیے جانے والے مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں، کسی بھی مس ایڈونچر یا غیر ذمہ دارانہ کارروائی کا کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، کانفرنس نے اہم سیکیوٹی اجلاس سے متعلق جھوٹی اور من گھڑت خبر پر شدید تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے اسے قومی سلامتی کے منافی قرار دیا ۔

جمعہ کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق یہاں جنرل ہیڈکواٹر ز میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں تمام کور کمانڈرز اور پرنسپلزسٹاف آفیسرز نے شرکت کی۔کانفرنس میں شرکاء نے ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور خصوصی طورپر ایل اوسی کی موجودہ صورتحال اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر بھی غور کیاگیا ۔

کانفرنس میں بھارت کی جانب سے سرجیکل سٹرائیکس کے جھوٹے دعوں کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری عوام پر کیے جانے والے مظالم اور جبر سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی مس ایڈونچر یا غیر ذمہ دارانہ کارروائی کا کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

اس موقع پر پاک آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کو درپیش کسی بھی خطرے کی صورت میں ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع کریں گی۔ انہوں نے اب تک آپریشن ضرب عضب میں حاصل کامیابیوں کی تعریف کی جس کے نتیجے میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے نئے دور میں شامل ہوا ۔

 آرمی چیف نے اس بات پر زوردیا کہ ہماری کامیابیوں کے خلاف کوشش کرنے والے مخالفین کو شکست دینے کیلئے اندرونی سلامتی کے حوالے سے مربوط کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔کانفرنس کے شرکاء نے ملک بھر سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ملک کے کونے کونے میں مسلسل قومی اور خفیہ آپریشنز جاری رکھنے چاہئیں۔ شدت پسندی اور دہشتگردی کی دیگر وجوہات کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے ہم آہنگ کیا جائے ، کور کمانڈرز کانفرنس نے وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ اہم سیکیورٹی اجلاس سے متعلق جھوٹی اور من گھڑت خبر پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اسے قومی سلامتی کے منافی قرار دیا۔