صحافی سرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے نکال دیاگیا

386

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حکم پر متنازعہ خبر دینے والے انگریزی اخبار کے صحافی سرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا ، وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ متنازعہ خبر کے معاملے کی انکوائری کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔

 وزارت داخلہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق جمعہ کواے پی این ایس اور سی پی این ای کے وفد نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی جس میں وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید اور پرنسپل انفارمیشن افسر راؤ تحسین بھی موجود تھے ، وزیر داخلہ نے آزادی صحافت اورمیڈیا کی آزادی کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور قومی سلامتی سے متعلق اجلاس کی متنازعہ خبر دینے والے صحافی سرل المیڈا کا نام جذبہ خیر سگالی کے طور پر اسی سی ایل سے نکال دیاہے۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ صحافی کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متنازعہ خبر کی انکوائری متاثر نہیں ہو گی اور اس انکوائری کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،وزیر داخلہ نے کہا کہ آزاد میڈیا کو نہ صرف قومی مفاد کے تحفظ کے لئے اپنا کر دار ادا کرنا چاہیے بلکہ ریاست کے خلاف دشمن کے منفی پراپیگنڈا کا تدارک بھی کرنا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے ایشوز پر ذرائع کے نام سے غیر مصدقہ اور بے بنیاد خبریں ذمہ دارانہ صحافتی اقدار کی حدود کو کراس کرنے کے مترادف ہے۔وزیر داخلہ کے حکم پر وزارت داخلہ نے المیڈا کانام ای سی ایل سے نکالنے کا باضابطہ نوٹیفیکشن جاری کردیا ۔