پاکستان نے 579 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی

174

اظہر علی کی ریکارڈ ساز ٹرپل سنچری کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں رنزوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 579 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی،ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ پر 69 رنز بنا لئے اور اسے گرین شرٹس کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 510 رنز درکار۔

جمعہ کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھلیے جانے والے ڈےنائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم نے 279 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اظہرعلی 146 اور اسد شفیق 33 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے پر اعتماد انداز سے دن کا آغاز کیا، اظہر اور شفیق نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 137 رنز کی شراکت قائم کر کے سکور 352 تک پہنچا دیا، یہاں پر بیشو نے اسد کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنر شپ کا خاتمہ کر دیا، شفیق 67 رنز بنا سکے، اس کے بعد بابراعظم نے اظہر کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر کالی آندھی کے باؤلرز کا مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ میں 165 اہم رنز جوڑ کر سکور 517 تک پہنچا کر اس کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی، بابراعظم ڈیبیو ٹیسٹ میں 69 رنز بنا کر بیشو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

 اس موقع پر کپتان مصباح الحق نے اظہر کا ساتھ دیا، اظہرعلی نے عمدہ بیٹنگ کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے شاندار ٹرپل سنچری بنائی، یہ ان کے کیریئر کی پہلی ٹرپل سنچری ہے جبکہ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے چوتھے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں، اظہر کی ٹرپل سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ہی پاکستانی قائد مصباح نے 579 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا، اظہر 302 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، مصباح نے 29 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، بیشو نے 2 اور روسٹن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ پر 69 رنز بنا لئے تھے اور اسے گرین شرٹس کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 510 رنز درکار ہیں، لیون جانسن 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کریگ بریتھویٹ 32 اور ڈیرن براوو 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، یاسرشاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔