یاسر شاہ نے ایشون سے تیز ترین وکٹوں کی سنچری کا ریکارڈ چھین لیا

452

قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی تیز ترین سنچری کرنے والے پہلے ایشیائی اور دنیا کے دوسرے گیند باز بن گئے ہیں،ایشون نے18میچوں میں وکٹوں کی سنچری مکمل کی تھی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلے جا رہے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں قومی کھلاڑیوں کی جانب سے ریکارڈ پر ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ میچ کے چوتھے روز لیگ سپنر یاسر شاہ نے ٹیسٹ میچوں میں 100 وکٹیں مکمل کر لی ہیں۔ یاسر شاہ نے 17ویں میچ میں وکٹوں کی تیز ترین سنچری بنائی۔ یاسر شاہ ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی تیز ترین سنچری کرنے والے پہلے ایشیائی گیند باز بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ بھارتی گیند باز روی چندرن ایشوین کے پاس تھا۔ بھارت کے روی چندرن ایشوین نے 18 ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی سنچری بنائی تھی۔ اس سے قبل لیجنڈ کھلاڑی ٹرنر، سڈنی بارنز اور گرِمٹ یہ سنگ میل عبور کر چکے ہیں۔

دوسری جانب 16 ٹیسٹ میں تیزترین وکٹوں کی سنچری کا ریکارڈ انگلینڈ کے جارج لوہمان کے پاس موجود ہے۔ پاکستانی اسپنر یاسرشاہ نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز2014 میں آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں منعقدہ ٹیسٹ میچ سے کیا تھا۔ جس میں انہوں نے 7 وکٹیں حاصل کیں تھیں، جبکہ پاکستان نے اس میچ میں آسٹریلیا کو 221 رنز سے شکست دی تھی۔