چین نے پاکستان سے متعلق بھارتی وزیراعظم کا بیان مسترد کر دیا

215

چین نے بھارتی وزیراعظم کی جانب سے اپنے ہمسایہ ملک کودہشت گردی کی ماں قرار دیے جانے پر پاکستان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ایک ملک کو اس معاملے میں ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔

 غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیر کے روز چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہواچیننگ نے معمول کی پریس بریفنگ میں پاکستان کی حمایت میں بیان جاری کر تے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کارروائیاں قابل قدر ہیں۔ چین ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور بین الاقوامی برادری کو انسدادِ دہشت گردی کے لیے باہمی تعاون میں اضافہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کو کسی بھی ایک مذہب یا یا نسل سے منسلک نہیں کیا جانا چاہیے، یہ چین کا مستقل نکتہ نظر ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہہر کوئی جانتا ہے کہ بھارت اور پاکستان دہشت گردی سے متاثر ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑے اقدامات کیے ہیں اور بہت قربانیاں دی ہیں۔ میرے خیال میں بین الاقوامی برادری کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔