پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی 

160

کاروبای ہفتہ کے آغاز پرپاکستان اسٹاک مارکیٹ اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کی لپیٹ میں آگئی ،کے ایس ای 100 انڈیکس 41605 پوائنٹس کی ایک اور ریکارڈ سطح کو چھوگیا تاہم بازار حصص کی سرگرمیاں ماند پڑنے سے انڈیکس 41400 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے کم ہو کر41200 پوائنٹس کی کم سطح پر بند ہوا ۔مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 30 ارب سے زائد روپے ڈوب گئے۔

پیر کے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر تیزی کا رجحان غالب رہا ،سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی بینکنگ ،ایئر لائن ،ٹیلی کام سیکٹر سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت کاروبار کے دوران انڈیکس 41500اور41600پوائنٹس کی 2بالائی حد عبور کرگیا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر حصص کے فروخت پر دباؤ بڑھنے سے انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 41256پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر گیا۔

اسٹاک ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ سے مقامی تیل کمپنیاں سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنی ،سی پیک منصوبوں سے اسٹیل ،آٹو اور سیمنٹ سیکٹر میں استحکام دیکھنے میں آر ہا ہے تاہم مارکیٹ کاا پنی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کرنا تکنیکی گراوٹ کا سبب بنا ہے اسی سبب مارکیٹ اتار چڑھاؤ کا شکار ہوئی۔

پیر کو ٹریڈنگ کاروبارکے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس میں 181.59پوائنٹس کی کمی ریکارڈکی گئی جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس41464.31پوائنٹس سے کم ہو کر 41282.72پوائنٹس پرآگیااسی طرح کے ایس ای30انڈیکس136.49پوائنٹس کی کمی سے 22504.14 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرزانڈیکس28527.41پوائنٹس سے گھٹ کر28452.70پوائنٹس پربندہوا۔

پیرکے روز مارکیٹ کے سرمائے میں30ارب48کروڑ30لاکھ52ہزار639روپے کی کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم84کھرب53ارب87کروڑ70لاکھ22ہزار478روپے سے کم ہو کر 84 کھرب 23 ارب 39 کروڑ39 لاکھ69 ہزار 839 روپے رہ گیا۔پیر کومارکیٹ میں37کروڑ86لاکھ91ہزارحصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو12ارب روپے تک محدودرہی جبکہ گزشتہ جمعہ کو40کروڑ76لاکھ5ہزارحصص کے سودے ہوئے تھے اور ٹریڈنگ ویلیو14ارب روپے ریکارڈکی گئی تھی ۔