جنگ بندی کا آغاز،روسی اور شامی فورسز نے حلب پر بمباری روک دی

269

روس اور شام نے شمالی شہر حلب پرعارضی طور پر فضائی حملے روک دیے جبکہ شامی کارکنان نے کہاہے کہ لڑاکا طیاروں نے باغیوں کے زیر قبضہ دو دیہات پر بمباری کی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق اور شامی رضاکاروں پر مشتمل سول ڈیفنس کے ترجمان ابراہیم الحاج نے بتایا کہ صوبہ حلب میں واقع دو دیہات اندان اور داری العزہ پر فضائی بمباری کی گئی ہے۔انھوں نے ان حملوں میں ہلاکتوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی ۔روس کا کہنا تھا کہ حلب میں آٹھ گھنٹے کے لیے انسانی بنیاد پر جنگ میں وقفہ کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے اس جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ بندی کا دورانیہ بڑھایا جانا چاہیے تاکہ متاثرین تک انسانی امداد پہنچائی جاسکے۔

روسی وزیردفاع سرگئی شوئیگو نے قبل ازیں ٹیلی ویڑن سے ایک نشری بیان میں کہا کہ روسی اور شامی فضائی افواج منگل مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے سے حلب کے علاقے میں حملے روک چکی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے کے لیے یہ اقدام ضروری تھا۔انھوں نے کہا کہ اس سے شہریوں کی چھے راستوں کے ذریعے حلب سے سلامتی سے باہر نکلنے کی ضمانت ملے گی اور مشرقی حلب سے بیماروں اور زخمیوں کے انخلاء کی تیاری کی جا سکے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ مسلح باغیوں کے مشرقی حلب سے محفوظ انخلاء کی بھی ضمانت دی جائے گی۔