پاکستان اسٹاک مارکیٹ تنزلی کا شکار

142

ملک میں سیاسی درجہ حرارت بڑھتے ہی پاکستان اسٹاک مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو گئی۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ بدھ کو مسلسل تیسرے روزبھی مندی کی زدمیں رہی ،ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 40600پوائنٹس کی نچلی سطح تک گر گیا تاہم کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 40929پوائنٹس کی کم سطح پر بندہوا۔مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے1ارب سے زائدروپے ڈوب گئے۔ اس طرح پیر سے بدھ تک تین کاروباری دنوں میں انڈیکس مجموعی طور پر 540پوائنٹس گھٹ چکا ہے جبکہ سرمائے کے مجموعی حجم میں 89ارب 67کروڑ سے زائد روپے سے زائد کی کمی واقع ہو چکی ہے۔

اسٹاک ماہرین کے مطابق سیاسی غیر یقینی صورتحال مارکیٹ کی مثبت راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے جبکہ مارکیٹ کافی عرصے سے بتدریج تیزی دیکھنے کی وجہ سے تکنیکی گراوٹ کا شکا ر ہوتی دکھائی دے رہی ہے ۔ بدھ کو کاروبارکے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس میں 30.08 پوائنٹس کی کمی ریکارڈکی گئی جس سے کے ایس ای100انڈیکس40954.22پوائنٹس سے کم ہو کر 40924.14 پوائنٹس پرآگیااسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 21.13 پوائنٹس کی کمی سے 22265.91پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس28266.45پوائنٹس سے گھٹ کر28266.34پوائنٹس پربندہوا۔

بدھ کے روزمارکیٹ کے سرمائے میں 1ارب67کروڑ32لاکھ78ہزار307روپے کی کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم 83 کھرب 65 ارب87کروڑ20لاکھ42ہزار398روپے سے کم ہو کر 83 کھرب 64 ارب 19 کروڑ 87 لاکھ 64 ہزار 91روپے رہ گیا۔بدھ کومارکیٹ میں50کروڑ64لاکھ26ہزارحصص کے سودے ہوئے اورٹریڈنگ ویلیو12ارب روپے تک محدود رہی جبکہ منگل کے روز 38 کروڑ28لاکھ19 ہزارحصص کے سودے ہوئے تھے اورٹریڈنگ ویلیو13ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔