چٹاگانگ ٹیسٹ،انگلینڈ نے تیسرے دن کے اختتام تک 228 رنز بنالیے

149

شکیب الحسن نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے بنگلہ دیش کو انگلینڈ کے خلاف ناکامیوں کی روایت توڑنے کی آس دلا دی، بین سٹوکس کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 228 رنز بنا کر مجموعی طور پر 273 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

ہفتہ کو چٹاگانگ ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے 221 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو شکیب الحسن 31 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پہلے ہی اوور میں معین علی نے شکیب کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، شکیب گزشتہ دن کے سکور میں اضافہ کئے بغیر پویلین لوٹ گئے، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلش باؤلرز نے بقیہ کھلاڑیوں کو بھی سنبھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 248 رنز پر آؤٹ ہو گئی، شفیع الاسلام 2، صابررحمان 19، مہدی حسن ایک اور قمرالاسلام ربی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سےبین سٹوکس نے 4 معین علی نے 3 عادل رشید نے 2 اور گیرتھ باٹی نے ایک وکٹ لی،۔

جواب میں انگلش ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 62کے سکور پر اسے ابتدائی 5 کھلاڑیوں کا نقصان اٹھانا پڑا، اس موقع پر بین سٹوکس اور جونی بیئرسٹو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ میں 127 قیمتی رنز جوڑ کر اسے سہارا دیا، یہ پارٹنر شپ بنگلہ دیش کیلئے خطرہ بن گئی تھی کہ یہاں پر جو نی بیئرسٹو کو آؤٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، بیئرسٹو نے 47 رنز بنائے، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد سٹوکس کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 85 رنز بنانے کے بعد شکیب کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، 213کے سکور پر انگلینڈ کی آٹھویں وکٹ گری جب عادل 9 رنز بنا کر شکیب کی گیند کا نشانہ بنے، اس طرح دوسرے روز تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 8 وکٹوں پر 228 رنز بنا کر مجموعی طور پر 273 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، کرس ووکس 11 اور براڈ 10 رنز پر ناقابل شکست ہیں، شکیب نے 5 جبکہ مہدی حسن، تیج الاسلام اور ربی نے ایک، ایک وکٹ لی۔