ڈی ایف آئی ڈی مائیکرو فنانس انڈسٹری کو 40 ارب روپے فراہم کرے گا

217

برطانیہ کا محکمہ برائے بین الاقوامی ترقی (ڈی ایف آئی ڈی) مائیکرو فنانس انڈسٹری کو اگلے چار سال کے دوران 40 ارب روپے فراہم کرے گا۔

پاکستان میں ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کی کنٹری سربراہ جوآنا ریڈ نے بدھ کو یہاں پاکستان مائیکرو فنانس نیٹ ورک کے زیر اہتمام غربت کے خاتمہ کے حوالہ سے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جوآنا ریڈ نے کہا کہ ڈی ایف آئی ڈی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے اوراس سلسلہ میں 2019-20ءتک 40 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے جائیں گے، چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن کی متحرک قیادت میں اس پروگرام سے ملک بھر میں 52 لاکھ خواتین مستفید ہو رہی ہیں اور سات لاکھ بچوں کو پرائمری تعلیم تک رسائی ممکن ہوئی ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی معاشرہ کے پسماندہ طبقات کی مسلسل حمایت اور تعاون مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ جوآنا ریڈ نے کہا کہ ڈی ایف آئی ڈی پاکستان مائیکرو فنانس انوسٹمنٹ کمپنی کے قیام میں بھی تعاون کرے گا اور اس مقصد کیلئے 2020ءتک مائیکرو فنانس انڈسٹری کو 40 ارب روپے فراہم کرے گا۔ سٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سعید احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غربت ایک کثیر الجہتی مظہر ہے اور مالی شمولیت اس کا ایک پہلو ہے، جب ہم غربت میں کمی کی بات کرتے ہیں تو ہمیں غربت کے سیاسی، سماجی، اقتصادی اور روحانی اسباب واثرات کو بھی دیکھنے کی ضرورت ہے۔