نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری،یونس خان دوسرے بہترین بلے باز قرار

187

انٹر نیشنل کر کٹ کونسل ( آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں ویسٹ انڈیز کیخلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مایہ ناز پاکستانی بلے باز یونس خان بیٹسمینوں کی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جب کہ یاسر شاہ بھی ایک درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کھلاڑیوں کی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق بیٹسمینوں کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جب کہ یونس خان ویسٹ انڈیز کے خلاف 127 رنز بنا کر دو درجے ترقی کے بعد چوتھی سے دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں جب کہ انگلینڈ کے جوئے روٹ تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں،اس وقت یونس کے 860 پوائنٹس ہیں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف اگلے میچ میں ایک اور سنچری کر کے وہ پہلے نمبر پر فائز آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ کے قریب پہنچ جائیں گے جن کے 906 پوائنٹس ہیں۔ اس کے علاوہ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق بھی 10 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جب کہ اظہر علی 12 ویں اسد شفیق بھی 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی 17 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

ادھر بالرز کی درجہ بندی میں ابتدائی تین پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور روی چندرہ ایشون، ڈیل اسٹین اور جیمز اینڈرسن بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ویسٹ انڈیز کے خلاف دس وکٹیں لے کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے یاسر شاہ ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ اسٹورٹ براڈ ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔آل رانڈرز کی فہرست میں بھی ابتدائی تین پوزیشنز پر روی چندرہ ایشون، شکیب الحسن اور معین علی فائز ہیں لیکن چٹاگانگ ٹیسٹ کے مین آف دی میچ بین اسٹوکس عمدہ کارکردگی پر اس فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔