چیف آف نیول اسٹاف کا ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کا دورہ

219

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہاہے کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ مراسم قائم ہیں اور دونوں ممالک کے مابین دیرپا تعاون ان تعلقات کے فروغ اور استحکام میں خصوصی اہمیت کا حامل رہا ہے۔

جمعہ کو ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کا دورہ کیا، نیول چیف نے بحری جہاز پر موجود ترک مشن کمانڈر سے ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی بات چیت کی اور ترک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ مراسم قائم ہیں اور دونوں ممالک کے مابین دیرپا تعاون ان تعلقات کے فروغ اور استحکام میں خصوصی اہمیت کا حامل رہا ہے۔

نیول چیف نے ترک بحری جہاز کے افسران اور عملے سے بھی ملاقات کی۔ ایڈمرل ذکاء اللہ کو پاکستان نیوی اور دورے پر آئے ہوئے ترک بحری جہاز کے درمیان کھلے سمندر میں ہونے والی مشترکہ بحری مشق کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ پاکستان میں قائم ترک سفارت خانے کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات اور بحری تعاون کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔