ڈھاکہ ٹیسٹ،بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 220 رنز پر ڈھیر

192

معین علی کی شاندار باؤلنگ کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 220 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جواب میں انگلش ٹیم نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک 3 وکٹوں پر 50 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 170 رنز درکار ہیں اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں، جوروٹ 15 اور معین علی 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، مہدی حسن نے 2 وکٹیں لیں۔

جمعہ کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ایک سکور پر اسے پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب امرالقیس ایک رن بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر تمیم اقبال اور مومن الحق نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور دوسری وکٹ میں 170 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا تاہم یہاں پر انگلش باؤلرز نے تمیم اقبال اور مومن الحق کو آؤٹ کر کے اہم کامیابیاں حاصل کیں، تمیم 104 اور مومن الحق 66 رنز بنا کر نمایاں رہے، دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بلے باز انگلش باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 220 رنز پر ڈھیر ہو گئی، آخری 8 کھلاڑی سکور میں صرف 49 رنز کا اضافہ کر سکے۔ محموداللہ 13، شکیب الحسن 10، کپتان مشفق الرحیم 4، صابررحمان صفر، شوواگتاہوم 6، مہدی حسن ایک اور قمرالاسلام صفر پر آؤٹ ہوئے، معین علی نے 5 جبکہ کرس ووکس نے 3 اور بین سٹوکس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں انگلش ٹیم کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا، پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 3 وکٹوں پر 50 رنز بنا لئے تھے اور اسے بنگال ٹائیگرز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 170 رنز درکار ہیں، جوروٹ 15 اور معین علی 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، کپتان ایلسٹرکک 14، بین ڈیکٹ 7 اور گیری بیلنس 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مہدی حسن نے 2 اور شکیب الحسن نے ایک وکٹ لی۔