ڈھاکہ ٹیسٹ،دوسرے دن کے اختتام تک بنگلہ دیش نے 152رنز بنالیے

185

بنگلہ دیش نے انگلینڈ کے خلاف آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 152 رنز بنا کر مجموعی طور پر 128 رنز کی برتری حاصل کر لی، امرالقیس 59 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

 ہفتہ کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلش ٹیم نے 50 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو جوروٹ 15 اور معین علی 2 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے دوسرے ہی اوور میں مہدی حسن نے معین علی کو آؤٹ کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی، علی 10 رنز بنا سکے، بین سٹوکس صفر پر آؤٹ ہوئے، جونی بیئرسٹو نے روٹ کا ساتھ دینے کی کوشش کی تاہم 114 کے مجموعی سکور پر ان کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 24 رنز بنا کر چلتے بنے،ظفر انصاری 13 رنز بنا کر مہدی کی گیند کا نشانہ بنے، 144 کے سکور پر انگلش ٹیم کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب جوروٹ 56 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

 144 کے سکور پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ انگلش ٹیم 200 کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے گی لیکن اس موقع پر کرس ووکس اور عادل رشید نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نویں وکٹ میں 99 قیمتی رنز جوڑ کر نہ صرف ٹیم کو تباہی سے بچایا بلکہ ٹیم کو برتری بھی دلائی، یہاں پر مہدی نے ووکس کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ ڈالی، ووکس 46 رنز بنا سکے، 244 کے سکور پر انگلینڈ کی آخری وکٹ گری جب سٹیون فن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، عادل رشید 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سےمہدی حسن میراز نے 6، تیج الاسلام نے 3 اور شکیب الحسن نے ایک وکٹ لی۔

 بنگلہ دیشی ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 152 رنز بنا کر مجموعی طور پر 128 رنز کی برتری حاصل کر لی، محموداللہ 47، تمیم اقبال 40 اور مومن الحق ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ امرالقیس 59 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، ظفر انصاری نے 2 اور بین سٹوکس نے ایک وکٹ لی۔