بھارت نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر سیریز3-2 سے جیت لی

187

امیت مشرا کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بھارت نے نیوزی لینڈ کو آخری اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 190 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 3-2 سے جیت لی۔

ہفتہ کو ویشاکا پٹنم میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، روہت شرما 70 اور ویرات کوہلی 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان مہندرا سنگھ دھونی 41، اجنکیاراہانے 20، منیش پانڈے صفر اور اکثرپٹیل 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کیدر جادھو 39 اور جیانت یادیو ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور ایش سودی نے دو، دو جبکہ جیمزنیشم اور مچل سینٹنر نے ایک، ایک وکٹ لی۔

 جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 24 ویں اوور کی پہلی گیند پر صرف79 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، امیت مشرا کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے نیوزی لینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی سنبھل کر نہ کھیل سکا، کپتان کین ولیمسن 27، ٹام لیتھم اور روز ٹیلر 19، 19 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، 5 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے، مارٹن گپٹل، بی جے واٹلنگ، کورے اینڈرسن، ٹم ساؤتھی، ایش سودی، جیمز نیشم 3، مچل سینٹنر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے مشرا نے 6 اوورز میں 18 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں، اکثرپٹیل نے 2، اومیش یاداو، جسپریت بمرا اور جیانت یادیو نے ایک، ایک وکٹ لی۔