ابراج گروپ کا کے-الیکٹرک فروخت کرنے کا انکشاف

218

متحدہ عرب امارات کی کمپنی ابراج گروپ نے انکشاف کیا ہے کہ کے-الیکٹرک کے اکثر حصص کو 1.77 کروڑ ڈالر میں چینی کمپنی شنگھائی الیکٹرک پاور کو فروخت کیا جائے گا۔ابراج گروپ کا کہنا ہے کہ کمپنی نے پاکستان میں نجی شعبے کی سب سے بڑی لین دین کا عمل شروع کردیا ہے۔

ابراج گروپ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ‘معاہدے کی تکمیل کے ساتھ یہ پاکستان کی نجی شعبے کا سب سے بڑا لین دین ہوگا’۔اعلامیے کے مطابق’ابراج گروپ، کے-الیکٹرک کے اکثر حصص شنگھائی پاور کمپنی کو1.77بلین ڈالر میں فروخت کرنے کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے قریب پہنچ گیا ہے’۔شنگھائی الیکٹرک پاور کے چیئرمین وانگ یوندان کا کہنا ہے کہ ‘شنگھائی الیکٹرک پاور گزشتہ سات سالوں میں کے-الیکٹرک کے ذریعے جو کامیابیاں ابراج گروپ نے حاصل کی ہیں اس پر خراج تحسین پیش کرتی ہے اور کے-الیکٹرک انتظامیہ کی کارکردگی اور صلاحیت کی معترف ہے’۔

کراچی شہر میں کے-الیکٹرک کے صارفین کی تعداد 2 کروڑ 50 لاکھ ہے جبکہ اس سے قبل اس کو کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نام سے جانا جاتا تھا۔کراچی سپلائی کمپنی 1913 میں وجود میں آئی تھی جس کی ذمہ داری شہر میں توانائی کی ضروریات کو پوری کرنے کے لیے بجلی کی پیداوار کے علاوہ اس کی تقسیم بھی تھی۔کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 2005 میں نجی شعبے میں دیا گیا تھا اور 2009 میں دبئی کی کمپنی ابراج گروپ نے اس کے حصص خریدے تھے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ پاور انوسٹمنٹ کارپوریشن آف چائنا کے ذیلی ادارے شنگھائی الیکٹرک پاوربجلی کی پیداوار اور تقسیم جبکہ توانائی کے شعبے میں خدمات کی فراہمی میں مصروف عمل ہے۔