افغانستان طالبان کے اجتماع پر بمباری،70جنگجو ہلاک،80زخمی 

384

افغان صوبہ اورزگان میں طالبان کے اجتماع پر بمباری کے نتیجے میں 70جنگجو ہلاک اور 80زخمی ہوگئے۔

پیر کو افغان میڈیا کے مطابق جنوبی صوبہ ارزگان میں طالبان کے اجتماع پر بمباری کے نتیجے میں 70جنگجو ہلاک اور 80زخمی ہوگئے۔صوبائی گورنر کے ترجمان دوست محمد نایاب نے تصدیق کی ہے کہ فضائی کاروائی ضلع چورا میں اتوار کی دوپہر کی گئی۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ فضائی کاروائی اس وقت کی گئی جب طالبان عسکریت پسند علاقے میں آرمی بیس کو تباہ کرنے میں مصروف تھے ۔مقامی حکام کاکہنا ہے کہ طالبان باغیوں نے دو روز قبل مربوط حملے کے دوران آرمی بیس پر قبضہ کرلیا تھا اور کچھ سیکورٹی اہلکاروں نے طالبان کے سامنے ہتھیار بھی ڈال دیئے تھے۔

دریں اثناء طالبان عسکریت پسندوں نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی کاروائی میں جنگجو گروپ کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا حملے میں تقریبا 30عامی شہری مارے گئے ہیں۔تاہم مقامی حکام نے طالبان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہاکہ فضائی حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام عسکریت پسند ہیں۔

واضح رہے ارزگان جنوبی افغانستان میں واقع ہے جہاں طالبان عسکریت پسند بڑی تعداد میں سرگرم ہیں۔