بھارت کا انگلینڈ کے خلاف ابتدائی  ٹیسٹ میچز کیلئے ٹیم کا اعلان

134

 بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف شیڈول پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی دو میچز کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا، روہت شرما، لوکیش راہول اور شیکھردھون انجری مسائل کے باعث ابتدائی دو میچز سے باہر ہو گئے جبکہ فاسٹ باؤلر ہرڈک پانڈیا کو حیران کن طور پر سکواڈ میں طلب کر لیا گیا ہے، فاسٹ باؤلر ایشانت شرما کی بھی دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 9 نومبر سے شروع ہو گا۔

بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق روہت شرما کیویز کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے اور ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اسلئے وہ چھ سے آٹھ ہفتوں تک کرکٹ میدانوں سے دور رہیں گے۔ راہول کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے گوتم گھمبیر ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ اعلان کردہ ٹیم کپتان ویرات کوہلی، ایشون، گھمبیر، جدیجا، امیت مشرا، محمدشامی، چیتشورپوجارا، اجنکیا راہانے، وریدیمن ساہا، کرن نائر، مرلی وجے، اومیش یاداو، ہرڈک پانڈیا، ایشانت شرما اور جیانت یاداو پر مشتمل ہے۔