ترکی میں کار بم دھماکہ،9 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی

225

ترکی کے شہر دیابکر میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 9افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے،دھماکے سے آس پاس ک عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ،دہشتگرد تنظیم کردستان ورکرز پارٹی نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی کے شہر دیار بکر میں کار بم دھماکے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے، دھماکے کے بعد پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا دیابکر میں پولیس اسٹیشن کے قریب ہوا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔

دوسری جانب ترک وزیراعظم علی بن یلدرم نے واقعے میں 8افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکا کرد باغیوں کی کارروائی ہے جس میں پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ترکی کے جنوب مشرقی صوبوں میں کردوں کے خلاف فوج کا بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے جب کہ کرد باغیوں سے جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک کئی سیکورٹی اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔