جنوبی افریقہ کی پرتھ ٹیسٹ پر گرفت مضبوط

153

جے پی ڈومنی اور ڈین ایلگر کی شاندار سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ کی پرتھ ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی، میچ کے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک پروٹیز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 390 رنز بنا لئے اور اسے 388 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے، جے پی ڈومنی نے 141 اور ڈین ایلگر نے 127 رنز بنائے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو پرتھ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 104 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو ڈین ایلگر 46 اور جے پی ڈومنی 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے، دونوں بلے بازوں نے انتہائی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سنچریاں سکور کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا، دونوں کے مابین 250 رنز کی شراکت قائم ہوئی، جے پی ڈومنی 141 اور ڈین ایلگر 127 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 346 کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ گری جب تیمبا بووما 8 رنز بناکر مچل مارش کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، کپتان فاف ڈوپلیسی 32 رنز بنانے کے بعد مچل سٹارک کا نشانہ بنے۔

 اس کے بعد کوئنٹن ڈی کاک اور ورنن فلینڈر نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور ٹیم کا سکور 390 تک پہنچا دیا، جنوبی افریقہ کو 388 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، ڈی کاک 16 اور فلینڈر 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ جوش ہیزل ووڈ اور پیٹر سڈل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔