اسکواش چیمپئن شپ‘غیرملکی کھلاڑیوں کی آمد14نومبر سے شروع ہوگی

112

اسلام آباد(جسارت نیوز) چیف آف ائر اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ 14 نومبر سے شروع ہوگا۔ ہانگ کانگ کے لیوآن انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ ہوں گے۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے حکام نے صحافیوں کو بتایا کہ چیف آف ائر اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ 14سے 21 نومبر تک مصحف علی اسکواش کمپلیکس، اسلام آباد میں کھیلی جائے گی جس میں ہانگ کانگ، اسکاٹ لینڈ، مصر، ہالینڈ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریا اور اردن کے 11 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ چیف آف ائر اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے پری کوالیفائنگ راونڈ 14نومبر، کوالیفائنگ راونڈ 16سے17 نومبر جبکہ ایونٹ کا مین راونڈ 18سے21 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن نے رواں سال پاکستان کو 25,25 ہزار ڈالر کے 4 بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی دی ہے جس میں چیف آف آرمی اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئین شپ اور چیف آف نیول اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا ہے اور اس میں نامور غیر ملکی کھلاڑیوں نے حصہ لیا اسی طرح تیسرے ایونٹ چیف آف ائر اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ 14سے 21 نومبر تک اسلام آباد میں کھیلا جائے گا جبکہ چوتھا اور آخری ایونٹ31 دسمبر سے6 جنوری2017 تک کھیلا جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ اس سے قبل پی ایس اے نے پاکستان کو 25,25 ہزار ڈالر کے 2 ایونٹس کی میزبانی دی تھی۔
جبکہ ان ایونٹس کی کامیابی سے انعقاد کے بعد پی ایس اے نے رواں سال پاکستان کو چار بین الاقوامی سکواش ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن 50 ہزار ڈالر ایونٹ کی میزبانی کیلئے کوشش کررہا ہے۔ امید ہے کہ 50 ہزار ڈالر پی ایس اے ایونٹ کی میزبانی آئندہ سال پاکستان کو مل جائے گی۔