سروس رگبی لیگ‘اسلام آباد جنزنے پاکستان آرمی کو شکست دیدی

112

اسلام آباد (جسارت نیوز)چوتھی سروس رگبی لیگ کے اہم میچ میں اسلام آباد جنز نے پاکستان آرمی کو صفرکے مقابلے میں 11 اسکور سے شکست دیدی۔ وزیرکھیل ریاض حسین پیرزادہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے چوتھی سروس رگبی لیگ کے ایک اہم میچ میں اسلام آباد جنز نے پاکستان آرمی کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 11 اسکور سے شکست دے دی۔ دونوں روائتی حریفوں نے انتہائی تیز انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور دونوں جانب سے بارہا ٹرائی اسکور کرنے کی کوشیش کی گئی۔ تاہم پہلے ہالف کے اختتام سے کچھ لمحے قبل ہی اسلام آباد کے بلال خان نے پینلٹی کک لگا کر اسلام آباد کو3 پوائینٹس دلا دیے۔ دوسرے ہالف کا آغاز اسلام آباد کی جانب سے مزید جارحانہ انداز میں کیا گیا اور آرمی کی ٹیم پر بھرپور دباو کے ساتھ بار بار اٹیک کیا گیا۔ تاہم پاک آرمی نے بھی بھرپور دفاع جاری رکھا لیکن اسلام آباد کے اسٹار پلئیر ساحر اسلم نے طاقت اور تجربہ استعمال کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے ایک شاندار ٹرائی اسکور کی جس نے اسلام آباد کی فتح کو یقینی بنا دیا۔
اختتامی وسل سے پہلے اسلام آباد کی جانب سے بلال خان نے ایک اور پنلٹی کک لگا کر اسکور گیارہ تک پہنچا دیا اور فتح اسلام آباد کے نام ہوئی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منسٹر آئی پی سی ریاض حسین پیرزادہ کا کہنا تھا کہ اتنے اچھے ایونٹ کے انعقاد پر وہ اسلام آباد رگبی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انھوں کا کہا کہ پاکستان میں رگبی کا بھرپور ٹیلنٹ موجود ہے، اگر یہاں بین الاقوامی ٹیمیں مدعو کی جائیں تو وہ ہر طرح سے تعاون فراہم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہمساۂ ملک کے وزیر آعظم پر جنگ کا جنون طاری ہے، لڑائی چھوڑیں اور اپنی پارلمینٹ کو لائیں ہماری پارلیمنٹ سے میچ کھلیں اور کھیلوں کو فروغ دیں۔ آخر میں اسلام آباد رگبی کی جانب سے معزز مہمانوں میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔